جب 1996میں توروالی کوہستانی لغت کے لیے الفاظ کی جمع بندی پر کام کا آغاز کیا گیا تواس زبان کی مخصوص آواز کے لیے میں نے اپنے تجویز کردہ تین حروف (ݜ، ڇ اور ڙ) مشہور ماہرلسانیات و صوتیات ڈاکٹر جان بارٹ کو ایک خط میں لکھ کر بھیجے تاکہ وہ اس پر اپنی رائے دے سکے ۔ یہ ان حروف سے مختلف تھے جو حاجی عبدالحمید کریمی صاحب نے اپنی "کوہستانی اردو بول چال" میں استعمال کئے تھے۔ڈاکٹر بارٹ نے چار چار نقطوں پر مشتمل ان حروف کی وجہ پوچھی تو میں نے عرض کیا کہ اس سے یہ مخصوص حروف باقی حروف سے ممتاز distinct ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا یہ تو ٹھیک ہے لیکن اس میں ایک حرف کم ہے۔ تمہاری زبان میں ایک مخصوص آواز اور بھی ہے۔ تم لوگ اپنی زبان میں “long” کے لیے جو لفظ استعمال کرتے ہو اس کی آواز اُس آواز سے مختلف ہے جو"blood" یا " night" کے لیے مستعمل الفاظ کے شروع میں استعمال ہوتی ہے اس لیے یہ دونوں ایک حرف سے نہیں لکھے جانے چاہیں۔میں نے جب غور کیا تو دیکھا واقعی یہ ایک آواز نہیں تھی بلکہ واضح طور پر دو مختلف آوازیں تھیں۔ اس لیے درجہ بالا حرف کی تجویز ہوئی۔ دراصل ڈاکٹر بارٹ چونکہ خود ایک ماہر صوتیات تھے اس لیے علاقے کی تمام زبانوں کی مخصوص آوازوں سے واقف تھے۔ اس کے علاوہ مشہور ماہر لسانیات جارج گرئرسن نے بھی اس آواز کی نشاندہی کی تھی۔گرئرسن نے 1929ء میں لندن سے چھپنے والی اپنی کتاب "توروالی: سوات کوہستان کی ایک درد زبان کا بیان" میں لکھا ہے کہ جان بڈلف (وہ انگریز جس نے1880ء میں توروالی کے بارے میں ایک کتاب میں ایک باب لکھا تھا) اور سرآریل سٹائن دونوں توروالی مخصوص آوازوں کی پہچان نہیں کرسکے تھے۔ اس آواز کو صوتیاتی اصطلاح میں retroflex affricate کہا جاتا ہے۔ جب یہ حرف تجویز ہوا تو اس وقت معلوم نہ تھا کہ اس شکل کا حرف کسی بھی عربی الخط والی زبان میں مستعمل نہیں اس لیے اس کا یونی کوڈ بھی نہیں تھا۔ بعد ازاں ڈاکٹر ایلینا بشیرصاحبہ اور ڈاکٹر سرمد حسین صاحب کے تعاون سے اس کا یونی کوڈ حاصل کیا گیا جو کہ 0772 ہے۔
یہ درست ہے کہ یہ آواز توروالی کوہستانی کے چیل لہجے میں استعمال نہیں ہوتی۔ لیکن یہ ضروری نہیں کہ کسی آواز کی ادائیگی ساری لسانی برادری میں یکساں ہو جیسےبیرون علاقہ توروالی برادری ساری مخصوص توروالی آوازوں کی ادائیگی نہیں کرسکتی تو اس کا یہ مطلب نہیں کہ ہم ان آوازوں کے لیے مخصوص حروف کا استعمال ہی ترک کردیں۔ پشتو اور اردو میں ایک ہی آواز کے لیےکئی کئی حروف ہیں تو ہم کیوں دو آوازوں کے لیے ایک ہی حرف استعمال کریں۔ اس حرف کے بغیر توروالی حروف تہجی کو مکمل نہیں کہا جاسکتا۔ ذیل میں دئے گئے کچھ الفاظ ہیں جو اس حرف سے شروع ہوتے ہیں۔کم از کم ایک لفظ ایسا ہے جس میں یہ حرف درمیان میں آتا ہے البتہ ایسا کوئی لفظ نہیں جس کا اختتام اس حرف سے ہو۔
ݲِگ، ݲِگاچا، ، ݲگھنئی ، ݲِگی ہوؤ، ݲھگُو ، ݲھان، ݲھان دیو، ݲھانگ ، ݲھاگُو، ݲھمڑو، ݲھنُو، ݲھوگ، ݲھوگور، ݲھوگورسی چال ،ݲھوگُوُ، ݲھگال ،ݲھگلُو، ݲِھیک
توروالی کوہستانی میں مستعمل ایک ایسا لفظ بھی جس میں یہ دونوں آوازیں ایک ساتھ موجود ہیں اور وہ ہے ڙنݲھن صاون یعنی ایک خاص قسم کی گھاس کا بنا وہ برش جس سے پن چکی کا آٹا صاف کیا جاتا ہے۔